از قلم: عظمیٰ وفا سید
کچھ لوگ بہت نایاب ہوتے ہیں جن کے بچھڑ جانے سے ہر طرف ایک ایسا خلا رہ جاتا ہے جو کبھی پُر نہیں ہوتا۔ ایسی ہی ایک عظیم ادبی و سماجی شخصیت، رہنما، ماہرِ تعلیم، ادیب اور دانشور ڈاکٹر محمد ریاض چودھری عاجز صاحب تھے جن کے بارے میں اچانک یہ افسوس ناک خبر ملی کہ وہ انتقال کر گئے ہیں۔ (انا للہ و انا الیہ راجعون)
یہ خبر سن کر یوں محسوس ہوا جیسے ادب کی دنیا یتیم ہو گئی ہو۔ انہوں نے اردو ادب کی بے لوث خدمت کی اور اپنی ساری زندگی ادبی و سماجی کاموں کے لیے وقف کر دی۔ ہمارے پاس اتنے الفاظ نہیں کہ اس عظیم شخصیت کا حق ادا کر سکیں جن کے بارے میں ہمیں ابھی بہت کچھ جاننا اور سمجھنا باقی تھا مگر وہ اتنی جلدی ہم سے رخصت ہو گئے۔ یہ عظیم نقصان کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔
اگرچہ وہ اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں لیکن وہ اپنے الفاظ، اپنی شاعری اور اپنے افکار کے ذریعے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
وہ نوجوانوں کے لیے ایک مشعلِ راہ تھے۔ ایک قیمتی سرمایہ تھے جسے ہم نے کھو دیا مگر انہوں نے عہدِ نو کے لیے ایسا قیمتی ورثہ چھوڑا ہے جس سے آنے والی نسلیں ہمیشہ مستفید ہوتی رہیں گی۔
میں اپنی خوش نصیبی سمجھتی ہوں کہ ڈاکٹر صاحب کی ادبی خدمات پر کچھ لکھنے کا موقع ملا، ان کی شاعری پڑھی، ان کے لفظوں کو سمجھنے کی کوشش کی اور ان سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی۔ بلاشبہ وہ ایک حب الوطنی کے جذبے سے سرشار، امن پسند اور خلوص سے بھرپور شخصیت کے حامل تھے۔
“تھے” اور “ہیں” کے درمیان اتنا کم فاصلہ رہ گیا کہ کل تک ہم ان کے لیے “ہیں” استعمال کر رہے تھے اور آج وہ “ہیں” سے “تھے” بن گئے ہیں۔
ان کی موت کا صدمہ اہلِ ادب کے لیے ناقابلِ فراموش ہے۔ ان کے جانے سے ادبی دنیا میں ایک گہرا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ اہلِ ادب کا ایک چمکتا ہوا ستارہ غروب ہو گیا مگر ان کی ادبی خدمات کی روشنی ہمیشہ قائم رہے گی۔
اس غم کی گھڑی میں ہم ”پہچان پاکستان نیوز” کی پوری ٹیم ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
اللہ تعالیٰ ڈاکٹر محمد ریاض چودھری عاجز صاحب کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی روح کو سکون دے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
کچھ لوگ واقعی بے مثال ہوتے ہیں اور اتنے نایاب ہوتے ہیں کہ دل سے بس یہی صدا نکلتی ہے:
“بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
ایک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا”
Latest Posts
عالمی برادری کی چین اور امریکا کے صدور کی ملاقات پر گہری توجہچینی صدر کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں استقبالیہ ضیافتچین-افغانستان-پاکستان یوتھ کرکٹ دوستانہ تبادلے کی تقریب کا ہانگ چو میں انعقادچینی صدر اور امریکی صدر ٹرمپ کا ٹیمپل آف ہیون کا دورہچین امریکہ اقتصادی و تجارتی تعلقات باہمی فائدے اور جیت جیت پر مبنی ہیں، چینی صدر
