شاعر ۔۔۔۔انعام الحق معصوم صابری
ہے آخری جہاں میں نبوت رسول ﷺ کی
رکھی عظیم رب نے ہے امت رسول ﷺ کی
صادق بنایا رب نے شہِ دیں ﷺ کو دہر میں
“ہر لفظ سے ملے گی صداقت رسول ﷺ کی”
ارض و سما بنائے ہیں محبوب ﷺ کے لئے
قائم ہوئی جہاں میں حکومت رسول ﷺ کی
بخشش کی لب پہ تھی دعا امت کے واسطے
دیکھی جہاں میں سب نے محبت رسول ﷺ کی
آمد سے ہو گیا ہے اجالا تو ہر طرف
شرمائے چاند دیکھ کے رنگت رسول ﷺ کی
آنکھوں میں روضہ ہے بسا دل میں بھی مرحبا
عشاق نے بسائی ہے صورت رسول ﷺ کی
مقبول ہو حضور ﷺ کی یہ بارگاہ میں
معصوم نے لکھی ہے جو مدحت رسول ﷺ کی
Latest Posts
