دفاعی چیمپئن کیلئے اپنی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل تک رسائی مزید مشکل ہو گئی
لاہور(یواین پی ) بنگلہ دیش کیخلاف بھارت کی فتح کے بعد پاکستان کیلئے ایک اور بری خبر دفاعی چیمپئن کیلئے اپنی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل تک رسائی مزید مشکل ہو گئی۔ بنگلہ دیش کیخلاف باآسانی فتح حاصل کرنے سے بھارت بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ 2 پوائنٹس بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ یوں پاکستان کو اب سیمی فائنل تک رسائی کیلئے اپنے بقیہ دونوں میچز میں ناصرف فتح حاصل کرنا ہو گی، ساتھ ساتھ نیٹ رن ریٹ بھی بہتر کرنا ہو گا۔گزشتہ روز قومی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 60 رنز سے شکست دیدی تھی۔ گزشتہ روز نیشنل سٹیڈیم ، کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور کیویز نے ول ینگ اور ٹام لیتھم کی سینچریوں کی بدولت 320 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کیلئے 321 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب سے ہی پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا، بابراعظم نے 90 گیندوں پر 64 اور خوشدل شاہ کے 69 رنز کے علاوہ کوئی پلئیر ففٹی اسکور نہ کرسکا اور یوں پاکستانی اننگز محض 47.2 اوورز میں 260 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہوم گراؤنڈ اور میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کے سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ پاکستان کو اگلا میچ میں روایتی حریف بھارت کیساتھ دبئی 23 فروری کو کھیلنا ہے، اس میچ میں گرین شرٹس کو لازمی فتح درکار ہے۔اگر قومی ٹیم کو شکست ہوئی تو وہ ایونٹ سے باہر ہوسکتے ہیں جبکہ پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کیلئے بنگلادیش اور بھارت کیخلاف میچز میں لازمی جیت درج کرنا ہوگی۔ 2 جیتوں کے علاوہ، پاکستان کو نیٹ رن ریٹ پر بھی نظر رکھنی ہوگی کیونکہ ایسا امکان ہوسکتا ہے کہ 3 ٹیمیں 2، 2 جیت کے ساتھ گروپ کا اختتام کریں تو نیٹ ریٹ کی بنیاد پر فیصلہ ہو۔
Latest Posts
