قلم نگار: طاہرہ کشف، مانگا منڈی، لاہور
ہر سال کی طرح یہ بابرکت مہینہ امت مسلمہ کو ملتا ہے تاکہ ہر وہ شخص جو رب سے دور ہے یا اس سے ملنے کی خواہش رکھتا ہے وہ اس مہینے کی بدولت رب کی جانب لوٹ جائے۔ اپنی زندگی اور سال بھر کے گناہوں کی معافی رب سے طلب کر لے۔ الله سبحانہ و تعالیٰ نے اس مہینے میں امت مسلمہ کو شیطان سے بھی چھٹکارا دیا تاکہ صرف اور صرف ایک پوری لگن اور دھیان سے رب کی طرف راغب ہو سکیں اور اس سے اپنے گناہوں کی مغفرت اور اس کی نعمت طلب کر سکیں۔
رمضان کا مہینہ ایسا بابرکت مہینہ ہے کہ اس میں اگر انسان گناہ کی طرف راغب بھی ہو تو اس سے بچ جاتا ہے اور نیکیوں کی طرف جانے کی جستجو کرتا ہے۔
سارا دن روزہ رکھ کر روزہ دار خود کو ہر چھوٹے بڑے گناہ سے بچانے کی کو شش کرتا ہے۔
روزہ رکھ کر انسان سیدھے راستے پر چلتا ہے۔ انسان کے اندر صبر اور میانہ روی جیسی عادات پیدا ہوتی ہیں۔ سارا دن بھوک و پیاس برداشت کرنا انسان کو صبر کرنا سکھاتا ہے۔
حضرت علی رضی الله عنہ کا قول ہے:
”صبر ایک ایسی سواری ہے جو اپنے سوار کو گرنے نہیں دیتی، نہ کسی کے قدموں میں اور نہ کسی کی نظروں میں۔“
حضرت ابو ہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”روزہ آگ سے ڈھال ہے جس طرح لڑائی میں تم میں سے کسی کی ڈھال ہوتی ہے۔“
(سننن ابن ماجہ:1639)
یعنی روزہ دار روزہ رکھ کر نہ ہی بری بات کرتا اور نہ ہی گالی گلوچ اور جہالت کی بات کرتا ہے بلکہ وہ خود کو ان سب گناہوں سے بچاتا ہے جن کے ارتکاب کی صورت میں وہ جہنم میں جا سکتا ہے۔
روزہ انسان کے اندر جذبہ احساس کو جنم دیتا ہے اور غرباء اور مسکین لوگوں کے لیے نرم جذبات پیدا کرتا ہے۔
رمضان ایک ایسا بابرکت اور نعمتوں والا مہینہ ہے کہ اس میں الله کی نعمت سب کو وافر میسر ہوتی ہے اور یہ مہینہ امیر اور غریب دونوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
سحری اور افطاری کی رونق، تراویح اور تلاوت قرآن کی گونجتی آواز دلوں کو سکون اور نور فراہم کرتی ہے۔
اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے:
”اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے جیسےتم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھےتاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ ۔“ (البقرہ: 183)
اس آیت مبارکہ سےظاہر ہوتا ہے کہ رمضان المبارک کے روزے سب بالغان پر فرض ہیں۔ روزہ انسان کو صرف برائی سے ہی نہیں بچاتا؛ بلکہ روزہ انسان کو بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ بعض اوقات انسان پورا سال بیماری میں مبتلا رہتا ہے لیکن روزہ کی برکت سے رمضان میں شفا پاتا ہے اور خود کو رب کے اور قریب لے جاتا ہے۔
الله تعالیٰ ہمیں رمضان میں روزہ رکھنے اور ہر برے فعل کے سرزد ہونے سے بچائے اور اپنی راہ میں زیادہ سے زیادہ خرچ کرنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین
Latest Posts
