عنوان: دماغ کا دھواں اور جاسوسی کی دہی

از قلم: کزل جعفری
انسان نے اپنی عقل کے بل پر چاند تک رسائی حاصل کر لی، مگر بعض اوقات یہی عقل ایسے عجیب و غریب منصوبے بھی تخلیق کرتی ہے کہ سننے والا حیرت اور ہنسی کے بیچ معلق رہ جائے۔ 1980 کی دہائی میں، جب امریکہ اور سوویت یونین سرد جنگ کے تناؤ میں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف تھے، امریکی خفیہ اداروں نے دشمن پر نظر رکھنے کے لیے ایک غیر معمولی راستہ اختیار کیا۔ ذہنی طاقت کے ذریعے جاسوسی۔
اس منصوبے کو پراجیکٹ اسٹار گیٹ کہا گیا۔ اس کے تحت ایسے افراد منتخب کیے گئے جو دعویٰ کرتے تھے کہ وہ اپنی “ذہنی آنکھ” سے دور دراز علاقوں، خفیہ فوجی تنصیبات اور دشمن کی سرگرمیوں کو دیکھ سکتے ہیں۔ ان افراد کو “سائیککس” یا “ریموٹ ویوئر” کہا جاتا تھا۔ انہیں ایک کمرے میں بٹھایا جاتا، آنکھیں بند کروائی جاتیں، اور کہا جاتا کہ وہ بتائیں فلاں مقام پر کیا ہو رہا ہے۔
نتائج اکثر حیران کن سے زیادہ مضحکہ خیز ثابت ہوئے۔ مثال کے طور پر ایک ریمورٹ ویوئر نے کسی مقام کے بارے میں بڑی عمارت، لوگ اور گاڑیاں دیکھنے کا دعویٰ کیا، جبکہ حقیقت میں وہاں صرف برفانی میدان تھا۔ مگر چونکہ بیان “خفیہ تجربہ” تھا، اس لیے اسے فوراً رد نہیں کیا گیا بل کہ “ممکنہ سچ” مان کر مزید جانچ کی گئی۔
کبھی کبھار کچھ اندازے اتفاقاً درست بھی نکل آتے ہیں۔ ایک شخص نے کسی مقام پر بہت زیادہ پانی ہونے کی بات کی، اور بعد میں معلوم ہوا کہ وہ واقعی بندرگاہ تھی۔ ایسی چند کامیابیوں نے منصوبے کو وقتی ساکھ دے دی، اور متعلقہ افسران نے امید باندھ لی کہ شاید دماغ واقعی دوربین سے زیادہ کام کا ثابت ہو سکتا ہے۔
لیکن مسئلہ یہ تھا کہ ان کامیابیوں میں تسلسل نہیں تھا۔ ایک دن اندازہ درست نکلتا تو اگلے کئی دن سب کچھ خیالی معلوم ہوتا۔ محققین نے جلد سمجھ لیا کہ یہ “ذہنی آنکھ” حقیقت سے زیادہ تخیل کے سہارے کام کرتی ہے۔ یعنی سائیککس کی پیش گوئیاں زیادہ تر اندازوں، مبہم باتوں اور اتفاقی مشابہتوں پر مبنی تھیں۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جب بجٹ پر سوالات اٹھے اور منصوبے کی افادیت جانچی گئی، تو واضح ہوا کہ اس پر لاکھوں ڈالر خرچ ہونے کے باوجود کوئی قابلِ اعتماد جاسوسی نظام تیار نہیں ہو سکا۔ چنانچہ پراجیکٹ اسٹار گیٹ بند کر دیا گیا، اور وہ لوگ جو دشمن کے راز دماغ سے دیکھنے نکلے تھے، اپنی قسمت کسی اور میدان میں آزمانے پر مجبور ہو گئے۔

About daily pehchane

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow