از قلم: ڈاکٹر زینب آزاد آعوان
زندگی کے رنگ! اس ایک عنوان میں ہی کتنی خوبصورتی، کتنی وسعت اور کتنی روشنی چھپی ہوئی ہے، ہے نا؟ کبھی آپ نے سوچا کہ آخر زندگی کے رنگ ہوتے کیا ہیں؟ کیا یہ صرف خوشیوں کے لمحوں کا نام ہیں یا پھر اُن آزمائشوں کا بھی جو ہمیں اندر سے مضبوط بنا دیتی ہیں۔
جس طرح اس دنیا میں بے شمار رنگ موجود ہیں اور ہر رنگ کے کئی رنگ ہوتے ہیں، بالکل اُسی طرح ہر انسان کی زندگی بھی مختلف رنگوں سے بنی ہوتی ہے۔ کسی کی زندگی میں کامیابی کا رنگ نمایاں ہوتا ہے، کسی کے حصے میں صبر کا رنگ آتا ہے، کوئی محبت کے رنگ میں ڈوبا ہوتا ہے، تو کوئی جدائی کے رنگ سے گزر رہا ہوتا ہے مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ زندگی کا کوئی بھی رنگ ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا، وقت کے ساتھ اُس کی شدت بھی بدلتی ہے اور معنی بھی۔
ہم اکثر صرف روشن رنگوں کو زندگی سمجھ لیتے ہیں۔ خوشی، کامیابی، محبت، سکون مگر شاید ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ کچھ گہرے اور مدھم رنگ بھی زندگی کا حسن ہوتے ہیں۔ دکھ، تنہائی، انتظار اور آزمائشیں، یہ سب وقتی طور پر بے رنگ محسوس ضرور ہوتے ہیں مگر یہی لمحے انسان کو اپنی اصل پہچان دیتے ہیں، اُسے مضبوط بناتے ہیں اور اُسے زندگی کا اصل مطلب سکھاتے ہیں۔
کچھ رنگ ایسے بھی ہیں جو تقریباً ہر انسان کی زندگی میں ایک جیسے ہوتے ہیں جیسے محبت، خلوص، احساس اور قدر مگر افسوس یہ ہے کہ ہم اکثر اُن رنگوں کی اہمیت اُس وقت سمجھتے ہیں جب وہ دھندلے پڑنے لگتے ہیں۔ محبت جب دوری میں بدلنے لگے، خلوص جب مطلب پرستی میں کھو جائے اور قدر جب نظر انداز ہونے لگے، تب احساس ہوتا ہے کہ اصل خوبصورتی تو انہی رنگوں میں تھی۔
اپنی زندگی کو رنگوں کی روشنی سے بھر دیجیے کیونکہ روشنی ہمیشہ انسان کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ جب ہم کہیں چمک دیکھتے ہیں تو بے اختیار اُس کی جانب متوجہ ہوتے ہیں، بالکل اسی طرح اگر ہم اپنی زندگی میں امید، مثبت سوچ، خلوص اور محبت کی روشنی شامل کر لیں، تو نہ صرف ہماری اپنی دنیا روشن ہو سکتی ہے بلکہ ہم دوسروں کی زندگی میں بھی روشنی بانٹنے کا سبب بن سکتے ہیں۔
زندگی شاید خوبصورت رنگوں کے انتظار کا نام نہیں بلکہ ہر رنگ کو قبول کر لینے کا نام ہے کیونکہ اگر زندگی میں صرف ایک ہی رنگ ہوتا، تو شاید یہ اتنی خوبصورت کبھی نہ لگتی۔ اصل حسن تو تب ہے جب خوشی اور غم، امید اور صبر، محبت اور جدائی سب مل کر زندگی کی تصویر مکمل کریں۔
Latest Posts
