از قلم :عارفہ اسحاق

عنوان :گھر
ہر انسان کی زندگی کا سب سے بڑا خواب ایک پرسکون گھر ہوتا ہے۔ گھر سے مراد اینٹوں کی بنی چاردیواری یا شیشے کے کمرے نہیں۔ میرے نزدیک گھر سے مراد اک ایسی جگہ ہے جہاں آپ کو ذہنی سکون میسر ہو، بے شک وہ جگہ چھوٹی ہو لیکن ادھر آپ کو گھٹن محسوس نہ ہو۔ وہاں رہنے والے جذبات سمجھتے ہوں۔ میرے نزدیک گھر سے مراد سکون کی اک ایسی چاردیواری ہے جہاں احساس کے کمرے محبتوں کے نور سے روشن ہوں۔ جہاں خوشیوں کے صحن میں ادب کے پھول کھلے ہوں۔ وہاں کے مکین محبت کے عادی ہوں نا کہ دولت کہ پجاری۔ میں نے اپنی آنکھوں سے محبت پر شیش محل کو ترجیح دیتے ہوئے لوگوں کو تڑپتے ہوئے دیکھا ہے۔ گھر پیسوں سے نہیں، شیشوں کی کھڑکیوں یا سنگ مرمر کے فرش سے آباد نہیں ہوتے۔ بلکہ محبت کی دیواروں اور عزت کے بندھن سے آباد ہوتے ہیں۔ کچھ لوگوں کے لیے اپنا گھر خوشحالی کی علامت ہوتا ہے۔ لیکن محبت پسند لوگ جو کہ دور حاضر کی چالاکیوں کے باوجود سچی محبت کی گرفت میں آ جاتے ہیں انکے واسطے محل بھی پھر بے سکون ہوتے ہیں۔ اپنی من پسند آواز کا گھر میں موجود ہونا رب العزت کا احسان ہے۔ کچھ لوگ محلوں کے مالک ہونے کے باوجود بے سکونی اور کرب میں زندگی بسر کرتے ہیں کیونکہ انہیں من پسند شخص کی آواز تک نہیں میسر ہوتی۔ پس میرے نزدیک مٹی کی وہ ڈھیری بھی میرا گھر میرے واسطے جنت کا ٹکڑا ہے جہاں میں محبت کی زبان بولوں، عزت کی آنکھیں مجھے دیکھیں اور احساس کے کان مجھے سنیں۔

About dailypehchan epakistan

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow