نئے مالی سال کی آمد آمد ہے وطن عزیز میں برسوں اپنی پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دینے والے اکثر سابقہ سرکاری ملازمین کی طرف سے قومی بجٹ کے بعد اکثر ایک سوال پوچھا جاتا ہے کہ 72 سال عمر پر پنشن ڈبل ہوگی یا 75 سال عمر پر پنشن کے ساتھ یہ ہوگا، وہ ہوگا؟ تو میں نے سوچا چلیں اج کا کالم اسی بات پر لکھتا ہوں۔ اصل بات یہ ہے کہ جب کوئی بھی پنشنئر ریٹائرمنٹ پر جاتا ہے اور ماہانہ پنشن کے علاوہ نقد پنشن (کمیوٹیشن) بھی لیتا ہے کچھ خاص سالوں بعد وہ نقد پنشن دوبارہ ماہانہ پنشن میں شامل ہو جاتی ہے۔ اس طریق کار کو ریسٹوریشن آف کمیوٹڈ پورشن آف پنشن کہتے ہیں۔سادہ الفاظ میں اسےریسٹوریشن کہتے ہیں۔ جبکہ اغلاط العوام اسکو ڈبل پنشن بھی کہتے ہیں۔ چونکہ کمیوٹیشن لینے کا حساب عمر کے تناسب سے ہوتا ہے اس لئے ریسٹوریشن بھی ملازم کی عمر کے حساب سے ہوتی ہے۔ پنشن کے 100 فیصد میں سے آج کل 35 فیصد تک کمیوٹیشن لیا جا سکتا ہے۔ جو ملازم 60 سال عمر پر ریٹائر ہوتا ہے اس کا ریسٹوریشن 12سال بعد بنتا ہے۔ جبکہ ساٹھ سال سے پہلے پنشن لینے والے ملازمین کا ریسٹوریشن کا دورانیہ کچھ بتدریج زیادہ ہوتا ہے۔ ریسٹوریشن، ملازم کی عمر پر ہوتا ہے نہ کہ اس کی بیوہ کی عمر پر۔ ریسٹوریشن کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ پنشنئر نے ریٹائرمنٹ کے وقت کمیوٹیشن لی ہو۔ اگر اس نے کمیوٹیشن نہ لینے کا آپشن دیا ہو تو ایسے ملازم کی ریسٹوریشن نہیں بنتی کیوں کہ اس کو 100 فیصد پنشن اسی وقت ماہانہ کی شکل میں جاری کر دی گئی ہوتی ہے۔ آپ لوگوں کی سہولت کے لیے فیڈرل گورنمنٹ کے کمیوٹیشن کے دو عدد ٹیبل منسلک کر رہا ہوں۔ جس سے آپ اپنے پیاروں کی ریسٹوریشن تاریخ معلوم کرسکتے ہیں۔ صوبائی ملازمین کا طریقہ کار بھی اسی طرح ہے اکثر صوبے وفاق کے کموٹیشن رولز کو ہی فالو کرتے ہیں۔ریسٹوریشن کا وقت کیسے معلوم کیا جائے؟
ریسٹوریشن کا وقت جاننے کیلئے کرنا آپ نے یہ ہے کہ فرض کریں ایک ملازم 1.4.2002 کو ریٹائر یا دوران سروس فوت ہو چکا ہو اور اس کی تاریخ پیدائش 01.03.1948 ہو تو سب سے پہلے آپ یہ معلوم کریں کہ ریٹائرمنٹ یا فوتگی کے وقت اسکی عمر کتنی تھی مذکورہ مثال میں چونکہ عمر 54 سال اور 01 ماہ بنتی ہے۔ لہذا اب 2001 والے ٹیبل میں اس کی اگلی سالگرہ 55 سال دیکھیے کہ اس کے سامنے 16 سال درج ہے۔
لہذا معلوم ہوا کہ ملازم ہذا کی ریٹائرمنٹ یا فوتگی کے 16 سال بعد ریسٹوریشن پوری ہوگی۔ یعنی 01.04.2018 کو ریسٹوریشن کا وقت پورا ہے۔ریسٹوریشن کا وقت پورا ہوا ہو یا پورا ہونے والا ہو تو کیا کرنا چاہیے؟
مندرجہ بالا طریقہ کار کے مطابق آپ ریسٹوریشن کا وقت معلوم کرسکتے ہیں۔ جب آپ کو معلوم ہوجائے کہ اس تاریخ کو ملازم کی ریسٹوریشن پوری ہونے والی ہے تو اسی تاریخ سے فورا ایک درخواست بمعہ شناختی کارڈ کاپی اپنے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر یا جہاں سے پنشن جاری ہوئی تھی وہاں ارسال کریں۔ مسلح افواج سے پنشن لینےوالے غالباً کنٹرولر آف ملٹری اکاونٹس کنٹرولر اف نیول اکاؤنٹس اور کنٹرولر آف ائیر فورس اکاؤنٹس کو اپنے متعلقہ ضلعی دفاتر براۓ بہبود سابقہ عساکرین کے توسط سے بھجوا سکتے ہیں۔ ملازم اپنے محکمے کو بھی درخواست دے سکتے ہیں لیکن وہ اسی اکاؤنٹس آفسر کو آپ کی درخواست فارورڈ کریں گے لہذا بہتر ہے کہ ڈائریکٹ اکاؤنٹس آفیسر کو درخواست بھیج دیں۔ درخواست میں اپنا بینک اکاؤنٹ نمبر اور تاریخ ریٹائرمنٹ وغیرہ سب تفصیل لکھ دیں آج کل تمام سرکاری محکمہ جات کی پنشنز پنشن بینک اکاؤنٹ کے ذریعہ بینکس سے وصول ہوتی ہیں اگر طھر بھی بنک کی بجائے ابھی تک پوسٹ آفس کے ذریعہ پنشن بک پر ہے تو پنشن بک کی کاپی بھی لگادیں۔ وضاحت کردوں کہ 2023 کے بعد ڈاک خانہ جات سے پنشن وصولی پر پابندی ہے جن ملازمین کے پاس ڈسچارج کاپی ہو (ملٹری، سول آرمڈ فورسز وغیرہ) تو اسکی کاپی بھی لگادیں۔ درخواست کا عنوان لکھ دیں “ریسٹوریشن آف کمیوٹڈ پورشن آف پنشن”۔ اس سے اکاؤنٹس آفیسر سمجھ جائیں گے کہ آپ کیا چاہتے ہیں۔ فیملی پنشنئر بیوہ وغیرہ بھی اپنی عمر کے بجائے اپنے پیاروں کی عمر کا حساب لگا کر درخواست دے سکتی ہیں۔ اگر ریسٹوریشن کا وقت پہلے سے پورا ہوا ہو اور آپکو پتہ نہ ہو درخواست میں ایرئیر (بقایاجات) دلوانے کے لیے بھی لکھ دیں۔
ریسٹوریشن کا فائدہ کیا ہوگا؟
یوں تو ہم پاکستانی 100 روپے فائدے کے لیے بھی در بدر کی خاک چھانتے ہیں اور جہاں بات اپنے حق کی ہو تو پیچھے کیسے رہ سکتے ہیں۔ریسٹوریشن کا فائدہ یہ ہے کہ آپ کی ریٹائرمنٹ کے وقت جتنی فیصد پنشن کمیوٹ (نقد) ہوئی ہو یعنی اگر 35 فیصد یا 50 فیصد تو ریسٹوریشن کے وقت اُتنے فیصد رقم کااسی پرانے حساب سے آپ کی ماہانہ پنشن میں اضافہ ہوگا۔ بولے تو 25 ہزار ماہانہ پنشن ریسٹوریشن کے بعد کچھ لگ بھگ 35 سے 40 ہزار تک بڑھ جائیگا۔ درست حساب اکاؤنٹس آفس والے ہی کریں گے یہ صرف اندازہ ہے۔
75 سالہ پنشن کیا ہے؟
75 سال عمر پر حکومت کی ایک اور سکیم ہے جسے مینیمم پنشن کہتے ہیں۔ یعنی کم از کم پنشن 18ہزار سے کم نہ ہوگا۔ اور ملازم کی 75 سال عمر پورا ہونے پر اسکی کم از کم پنشن 25000 روپے ہوگی۔ اسی طرح فیملی پنشن (بیوہ وغیرہ) کی کم از کم پنشن 12000 روپے ہوگی جبکہ بیوہ کی 75 سال عمر پورا ہونے پر کم از کم پنشن 11250 روپےاصافی ہو گی۔
Latest Posts
