سکیورٹی فورسز نے سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج کی نقل و حمل ناکام بنادی، 8 دہشت گرد ہلاک

فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا؛ آئی ایس پی آر
راولپنڈی (یو این پی) سکیورٹی فورسز کی جانب سےشمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج کی نقل و حمل ناکام بنادی گئی، اس دوران کی جانے والی کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے ساتھ خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو ناکام بنایا، اس دوران فورسز سے مقابلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے، فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔افواج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ افغان طالبان حکومت کی مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے میں ناکامی ہمارے مؤقف کی توثیق ہے، افغان طالبان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، افغان طالبان حکومت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام‘ کے تحت آپریشن جاری ہے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا گیا ہے۔اس سے پہلے باڑہ خیبر میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے، بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 3 خوارج کو انجام تک پہنچایا گیا، کامیاب کارروائیوں کے دوران متعدد دہشت گرد ٹھکانے تباہ ہوئے، وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرِ ستان میں پاک افغان سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ کے غیر متزلزل عزم میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

About daily pehchane

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow