فی لٹر قیمت میں 100 روپے اضافہ؟ حکومت کی جانب سے جلد عوام پر نیا پٹرول بم گرانے کی اطلاعات

قیمتوں میں اس ممکنہ اضافے کی وجہ پٹرول کی قیمت میں درآمدی لاگت بتائی جارہی ہے، حکومت نے آئی ایم ایف کو بھی تیل کی عالمی قیمتوں کے تحت ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی کرا دی
اسلام آباد(یو این پی) حکومت کی جانب سے جلد عوام پر نیا پٹرول بم گرانے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، جس کے تحت فی لٹر پٹرول کی قیمت میں 100 روپے اضافہ ہوسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے مہنگائی کا نیا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے، اس حوالے سے آئندہ چند روز میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا جائے گا، قیمتوں میں اس ممکنہ اضافے کی وجہ پٹرول کی قیمت میں درآمدی لاگت بتائی جارہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کو بھی تیل کی عالمی قیمتوں کے تحت ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی کرا دی ہے، اس سلسلے میں حکام وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ پٹرول پر موجودہ سبسڈی عارضی ہے، اس کو جلد ہی تیل کی عالمی قیمتوں کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے گا، قرض معاہدے کے تحت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل جاری رکھا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ غریب طبقے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے انکم سپورٹ میں 5 ہزار روپے اضافہ کیا جائے گا، جس کے تحت سہ ماہی وظیفہ 14 ہزار 500 سے بڑھ کر 19ہزار 500 روپے ہو جائے گا، بی آئی ایس پی کے مستحقین پر اضافے کا اطلاق جنوری 2027ء سے ہوگا، بی آئی ایس پی مستحقین کی تعداد ایک کروڑ دو لاکھ تک پہنچ جائے گی، موٹر سائیکل، رکشہ والوں کو سبسڈی کی فراہمی کیلئے صوبوں سے مشاورت جاری ہے۔مزید یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کھاد اور زرعی ادویات پر فی الحال ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آئندہ بجٹ میں ایف ای ڈی عائد کرنے پر غور کیا جائے گا، حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مزید مالی گنجائش پر مشاورت جاری ہے جو جلد مکمل ہونے کا امکان ہے کیوں کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ایک ماہ میں متوقع ہے جس میں پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری دی جاسکتی ہے۔

About daily pehchane

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow