عنوان: غلط فہمی — ایک خاموش تباہی

بقلم: ایمان جاوید اقبال
انسانی رشتے بہت نازک ہوتے ہیں۔ یہ محبت، اعتماد اور سمجھ بوجھ کے باریک دھاگوں سے جڑے ہوتے ہیں۔ مگر ایک چیز ایسی ہے جو ان مضبوط دکھائی دینے والے رشتوں کو لمحوں میں کمزور کر دیتی ہے، اور وہ ہے “غلط فہمی”۔ بظاہر ایک معمولی سی بات، مگر حقیقت میں یہ ایک ایسی خاموش تباہی ہے جو دلوں کو توڑ دیتی ہے اور فاصلے پیدا کر دیتی ہے۔
غلط فہمی دراصل ادھوری معلومات، جلد بازی میں کیے گئے فیصلوں اور منفی سوچ کا نتیجہ ہوتی ہے۔ جب ہم کسی بات کو مکمل سنے یا سمجھے بغیر اپنی رائے قائم کر لیتے ہیں تو اکثر حقیقت سے دور ہو جاتے ہیں۔ یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب سچائی پیچھے رہ جاتی ہے اور گمان حقیقت کا روپ دھار لیتا ہے۔
اکثر اوقات ہم دوسروں کے الفاظ سے زیادہ اپنے خیالات پر یقین کرتے ہیں۔ کسی کے لہجے کو غلط سمجھ لینا، کسی کے عمل کو منفی معنی دینا یا کسی کی خاموشی کو غرور سمجھ لینا،یہ سب غلط فہمی کی مثالیں ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر انسان کی اپنی مشکلات اور حالات ہوتے ہیں، مگر ہم ان کو سمجھے بغیر ہی فیصلہ سنا دیتے ہیں۔
رشتوں میں غلط فہمی سب سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ ایک چھوٹی سی بات اگر وضاحت کے بغیر دل میں رہ جائے تو آہستہ آہستہ فاصلے بڑھنے لگتے ہیں۔ دلوں میں شکوک جنم لیتے ہیں اور اعتماد کمزور پڑ جاتا ہے۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ سالوں پرانا مضبوط رشتہ صرف ایک غلط فہمی کی وجہ سے ختم ہو جاتا ہے۔
دوستی، محبت اور خاندانی تعلقات سب اس کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ایک دوست کی خاموشی کو بے رخی سمجھ لیا جاتا ہے، ایک شریکِ حیات کی مصروفیت کو لاپرواہی، اور والدین کی سختی کو نفرت سمجھ لیا جاتا ہے۔ حالانکہ ان سب کے پیچھے وجوہات کچھ اور ہوتی ہیں، مگر ہم انہیں جاننے کی کوشش ہی نہیں کرتے۔
سوشل میڈیا کے اس دور میں غلط فہمیوں نے مزید جنم لینا شروع کر دیا ہے۔ ایک میسج کا دیر سے آنا، ایک سین کا جواب نہ دینا، یا کسی پوسٹ کو نظر انداز کر دینا،یہ سب ایسی چیزیں ہیں جن سے ہم فوراً نتیجہ اخذ کر لیتے ہیں۔ ہم سوچتے ہیں کہ سامنے والا ہمیں اہمیت نہیں دیتا، جبکہ حقیقت میں شاید وہ کسی مصروفیت یا مشکل میں ہو۔
غلط فہمی کی ایک بڑی وجہ “انا” بھی ہے۔ ہم اپنی بات کو صحیح اور دوسرے کی بات کو غلط سمجھتے ہیں۔ ہم وضاحت مانگنے کے بجائے خاموشی اختیار کر لیتے ہیں اور یہی خاموشی فاصلے بڑھا دیتی ہے۔ اگر ہم تھوڑی سی ہمت کر کے بات کر لیں، سوال پوچھ لیں اور وضاحت حاصل کر لیں تو کئی رشتے ٹوٹنے سے بچ سکتے ہیں۔
اسلام بھی ہمیں حسنِ ظن یعنی اچھا گمان رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ ہمیں دوسروں کے بارے میں منفی سوچنے کے بجائے مثبت سوچ اپنانے کی تلقین کی گئی ہے۔ اگر ہم کسی کی بات یا عمل کو سمجھ نہ سکیں تو فوراً فیصلہ کرنے کے بجائے صبر اور تحقیق کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
غلط فہمی صرف دوسروں کے لیے نہیں بلکہ ہمارے اپنے سکون کے لیے بھی نقصان دہ ہوتی ہے۔ جب ہم کسی کے بارے میں منفی سوچ رکھتے ہیں تو ہم خود بھی بے سکونی اور اضطراب کا شکار ہو جاتے ہیں۔ دل میں بوجھ رہتا ہے اور ذہن الجھا رہتا ہے۔ اس کے برعکس اگر ہم کھلے دل کے ساتھ بات کریں اور چیزوں کو واضح کریں تو نہ صرف رشتے مضبوط ہوتے ہیں بلکہ ہمیں اندرونی سکون بھی ملتا ہے۔
زندگی میں کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ ہم خود بھی کسی کی غلط فہمی کا شکار بن جاتے ہیں۔ لوگ ہمیں سمجھے بغیر ہمارے بارے میں رائے قائم کر لیتے ہیں۔ ایسے مواقع پر ہمیں غصے یا مایوسی کے بجائے صبر اور حکمت سے کام لینا چاہیے۔ وقت کے ساتھ سچ سامنے آ ہی جاتا ہے، اور جو لوگ ہمیں واقعی سمجھنا چاہتے ہیں وہ ایک نہ ایک دن حقیقت کو جان لیتے ہیں۔
غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے رویوں میں بہتری لائیں۔ سب سے پہلے ہمیں دوسروں کی بات کو غور سے سننا چاہیے۔ پھر جلد بازی میں فیصلہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ اگر کوئی بات سمجھ نہ آئے تو پوچھ لینا بہتر ہے بجائے اس کے کہ ہم خود ہی کوئی نتیجہ اخذ کر لیں۔
اسی طرح ہمیں اپنی بات بھی واضح انداز میں کرنی چاہیے تاکہ دوسروں کو سمجھنے میں آسانی ہو۔ اکثر اوقات ہم خود اپنی بات کو مبہم رکھتے ہیں اور پھر شکایت کرتے ہیں کہ سامنے والا ہمیں نہیں سمجھا۔ صاف اور سادہ بات چیت بہت سی غلط فہمیوں کو جنم لینے سے پہلے ہی ختم کر دیتی ہے۔
یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ غلط فہمی ایک ایسی دیوار ہے جو دلوں کے درمیان کھڑی ہو جاتی ہے۔ یہ دیوار بظاہر نظر نہیں آتی مگر اس کے اثرات بہت گہرے ہوتے ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے رشتے مضبوط رہیں اور ہماری زندگی سکون سے بھرپور ہو تو ہمیں اس دیوار کو گرانا ہوگا۔
یاد رکھیں، ہر بات وہ نہیں ہوتی جو ہمیں نظر آتی ہے، اور ہر شخص ویسا نہیں ہوتا جیسا ہم سمجھ لیتے ہیں۔ سچ تک پہنچنے کے لیے صبر، سمجھ اور بات چیت ضروری ہے۔ جب ہم ان اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں گے تو غلط فہمیاں خود بخود ختم ہونے لگیں گی۔

About daily pehchane

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow