تلخیوں سے زندگی تک کا سفر

تحریر ۔۔۔آمینہ یونس سکردو بلتستان
زندگی کی تلخیوں کی زد میں آ کر زیادہ تر لوگ دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ آتے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ کسی کو اس کی طاقت سے زیادہ نہیں آزماتا۔البتہ، کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو ہمت ہار جاتے ہیں اور دوبارہ اٹھنے کی طاقت نہیں جُٹا پاتے اور جب زندگی ہی ہمیشہ کی نہیں تو تلخیاں بھی عارضی ہوتی ہیں؛ یہ پیدا ہوتی ہیں اور پھر ختم ہو جاتی ہیں۔ ہاں، ان کے اثرات ختم ہونے میں وقت لگ سکتا ہے، شاید زندگی بھی لگ جائے، لیکن انسان کی فطرت میں اللہ نے ایک بہت خوبصورت صلاحیت رکھی ہے،”بھول جانا“ اگر بھولنے کی یہ نعمت نہ ہوتی تو انسان کا جینا دوبھر ہو جاتا۔
روشنی میں پلٹنے کے لیے قوتِ ارادی کی ضرورت ہوتی ہے۔جتنی زیادہ کسی انسان کی قوتِ ارادی مضبوط ہو، اتنا ہی وہ سخت سے سخت حالات پر قابو پا سکتا ہے۔ کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ تکلیف کی شدت انسان کو سانس روکنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ وقت، حالات، اور ناقابلِ برداشت تکالیف کسی کو اس حد تک توڑ سکتے ہیں کہ وہ شخص جو پہلے بے تحاشا باتیں کرتا تھا، اب خاموش ہو جاتا ہے۔ اسے بولنے میں دقت محسوس ہوتی ہے، اور یوں اس کی زندگی پر خاموشی کا سایہ چھا جاتا ہے۔انسان اور درد کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ کوئی بھی ایسا نہیں جو زندگی میں تلخیوں سے نہ گزرا ہو۔ فرق صرف یہ ہے کہ کسی کی زندگی میں مشکلات کم ہوتی ہیں، تو کسی کی زندگی سدا امتحان گاہ بنی رہتی ہے۔ کچھ لوگ ایسے درد سہتے ہیں جن کا تصور بھی دوسروں کے لیے ناقابلِ برداشت ہو سکتا ہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ جب آزماتا ہے تو صبر اور برداشت کی طاقت بھی عطا کرتا ہے۔البتہ یہ حقیقت بھی ہے کہ ہر کوئی ان آزمائشوں پر پورا نہیں اترتا۔ جو مضبوط قوتِ ارادی کا مالک ہو، وہ ان سب سے گزر کر شفا پا لیتا ہے لیکن کمزور لوگ معمولی تلخی سے بھی ٹوٹ جاتے ہیں اور دوبارہ اٹھنے کی طاقت کھو بیٹھتے ہیں۔ یوں ان کی زندگی پہلے سے زیادہ تلخ اور پیچیدہ ہو جاتی ہے۔درد اور تکلیف سے گزرنے کے بعد مکمل صحت مند ہونے پر انسان کو “ماسک” پہننے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ جب اللہ کی رحمت سے شفا ملتی ہے تو دل واقعی ہلکا ہو جاتا ہے، اور انسان حقیقتاً شفا یاب ہو جاتا ہے لیکن اگر ایسا نہ ہو، تو بہت سے لوگ اپنے پیاروں کی خاطر مصنوعی مسکراہٹوں کا سہارا لیتے ہیں، اور یوں اپنے درد کو چھپا لیتے ہیں۔

About dailypehchan epakistan

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow