عنوان :حسد

از قلم: سعدی
حسد ایک نہایت بری اور تباہ کن عادت ہے جو انسان کے دل و دماغ کو کمزور کر دیتی ہے۔ یہ ایک ایسی آگ ہے جو پہلے انسان کے اپنے دل کو جلاتی ہے۔ پھر دوسروں کے ساتھ تعلقات کو بھی برباد کر دیتی ہے۔ حسد کا مطلب ہے کسی دوسرے کی خوشی، کامیابی یا صلاحیت کو دیکھ کر دل میں جلن محسوس کرنا اور یہ خواہش رکھنا کہ وہ نعمت اسے نہ ملے۔
بہن کے ساتھ حسد کرنا اور بھی زیادہ افسوسناک ہے کیوں کہ بہن ہمارے اپنے ہی خون کا رشتہ ہے۔ بہن اللہ تعالیٰ کی ایک بڑی نعمت ہے، جو دکھ سکھ میں ساتھ دیتی ہے، خوشیوں میں شریک ہوتی ہے اور مشکل وقت میں سہارا بنتی ہے۔ اگر بہن کے ساتھ حسد پیدا ہو تو گھر کا سکون برباد ہو جاتا ہے۔ محبت کی جگہ نفرت لے لیتی ہے اور خاندانی رشتے کمزور ہو جاتے ہیں۔
اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ بہنیں مقابلے کی وجہ سے حسد میں مبتلا ہو جاتی ہیں۔ کسی ایک کو زیادہ توجہ یا تعریف ملے تو دوسری کو برا لگتا ہے۔ اگر ایک بہن تعلیم میں آگے بڑھ جائے یا اچھی ملازمت حاصل کر لے تو دوسری کے دل میں جلن پیدا ہو جاتی ہے۔ یہ رویہ نہ صرف بہنوں کے رشتے کو کمزور کرتا ہے بلکہ انسان کی زندگی کو بھی بے سکونی میں ڈال دیتا ہے۔
اسلام نے حسد کو سختی سے منع کیا ہے۔ قرآن پاک میں ارشاد ہے:
“وَلَا تَتَمَنَّوْا مَا فَضَّلَ اللّٰہُ بِهِ بَعْضَكُمْ عَلٰى بَعْضٍ”
ترجمہ: “اور تمنا نہ کرو اس چیز کی جس کے ذریعے اللہ نے تم میں سے بعض کو بعض پر فضیلت دی ہے۔” ( سورۃ النساء آیت 32)
اسی طرح رسول اکرم ﷺ نے فرمایا کہ حسد نیکیوں کو ایسے کھا جاتا ہے جیسے آگ لکڑی کو۔
لہٰذا بہن کے ساتھ حسد کرنے کے بجائے اس کی کامیابی پر خوش ہونا چاہیے اور اللہ سے دعا کرنی چاہیے کہ ہمیں بھی بھلائی اور ترقی نصیب ہو۔ بہنوں کے درمیان محبت، ایثار اور قربانی ہونی چاہیے۔ اگر ہم بہن کی خوشی کو اپنی خوشی سمجھیں اور اس کی کامیابی کو اپنی کامیابی جانیں تو گھر میں محبت اور سکون بڑھے گا۔
حسد کے بجائے اگر ہم ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں تو دنیا بھی سنورے گی اور آخرت بھی۔ بہن سے حسد نہ کریں بل کہ اسے اپنی سب سے قیمتی ساتھی اور دوست سمجھیں۔ بہن کی کامیابی پر فخر کرنا اور اس کی خوشی میں شریک ہونا ہی اصل محبت ہے۔ حسد سے دل سخت اور بوجھل ہوتا ہے، جب کہ محبت اور دعا سے دل نرم اور پرسکون ہو جاتا ہے۔
بہن کے ساتھ ہمیشہ محبت، اخلاص اور تعاون کا رشتہ قائم رکھنا چاہیے۔ یہی رویہ گھریلو سکون کی ضمانت ہے اور یہی طرزِ فکر ایک خوشحال زندگی کی بنیاد ہے۔

About daily pehchane

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow