غریبی اور امیری، ایک تضاد بھری حقیقت

از قلم: آمنہ خواجہ ملتان
دنیا میں انسانوں کو دو طبقوں میں تقسیم کرنا اگرچہ سادہ لگتا ہے۔ مگر “غریب” اور “امیر” کا فرق محض دولت کا نہیں بلکہ مواقع، سہولتوں، طرزِ زندگی اور سوچ کا فرق بھی ہے۔ غربت ایک ایسی آگ ہے جو صرف پیٹ کو نہیں جلاتی بلکہ خوابوں، خودداری اور مستقبل کو بھی راکھ کر دیتی ہے۔ دوسری طرف امیری وہ روشنی ہے جو نہ صرف زندگی کو سہولت دیتی ہے بلکہ دوسروں کی زندگی بدلنے کی طاقت بھی رکھتی ہے، بشرطیکہ اس روشنی کا استعمال صحیح سمت میں کیا جائے۔غریب کا دن فکروں میں اور رات فاقوں میں گزرتی ہے۔ وہ تعلیم، علاج، عزت، اور آرام جیسی بنیادی ضرورتوں کے لیے ترستا ہے۔ بچپن مزدوری میں کھو جاتا ہے، جوانی بے روزگاری میں اور بڑھاپا بے کسی میں ڈھل جاتا ہے۔ اُسے نہ صرف دنیا کے تلخ رویوں کا سامنا ہوتا ہے، بلکہ اپنے خوابوں کو دفن کرنے کا ہنر بھی سیکھنا پڑتا ہے۔
اس کے برعکس امیر طبقہ ہر نعمت سے مزین ہوتا ہے۔ تعلیم کے لیے بہترین ادارے، علاج کے لیے جدید اسپتال، رہائش کے لیے محل نما گھر، اور زندگی گزارنے کے لیے وہ تمام سہولتیں دستیاب ہوتی ہیں، جن کا غریب تصور بھی نہیں کر سکتا۔ وہ دنیا کے نقشے پر اپنی شناخت بناتا ہے اور اکثر یہ سمجھتا ہے کہ جو کچھ اس کے پاس ہے وہ صرف اس کی محنت کا نتیجہ ہے، حالانکہ بہت سے مواقع تو اسے پیدائشی طور پر میسر آ جاتے ہیں۔یہ فرق صرف دولت تک محدود نہیں، بلکہ رویّوں، سوچ اور اقدار تک جا پہنچتا ہے۔ غریب انسان اکثر زیادہ عاجز، شکر گزار اور محنتی ہوتا ہے، کیونکہ اُسے معلوم ہے کہ ہر نوالہ محنت سے آتا ہے۔ وہ سیکھتا ہے کہ زندگی کی اصل قیمت پیسے سے زیادہ صبر، وفا اور قربانی میں ہے۔ جبکہ کئی امیر افراد دولت میں اتنے گم ہو جاتے ہیں کہ انسانیت، رحم دلی اور سادگی جیسے جذبے اُن کے دل سے مفقود ہو جاتے ہیں۔
لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ نہ ہر غریب نیک ہوتا ہے اور نہ ہر امیر خودغرض۔ کردار، نیت اور عمل ہی اصل انسانیت کی بنیاد ہیں۔ اگر امیر اپنی دولت کو دوسروں کی بہتری کے لیے استعمال کرے اور غریب اپنے حالات سے مایوس ہونے کی بجائے خودی اور محنت کا راستہ اپنائے تو یہ خلیج کم ہو سکتی ہے۔معاشرے کو ایسے نظام کی ضرورت ہے جہاں ہر فرد کو برابر کے مواقع ملیں، غربت مٹانے کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار کو عام کیا جائے، اور امیری صرف دولت کا نہیں بلکہ کردار اور خدمتِ خلق کا معیار بنے۔ جب تک یہ توازن قائم نہیں ہوتا، غریبی اور امیری کا فرق صرف دولت کا نہیں، انسانیت کا فرق بن کر سامنے آتا رہے گا۔

About daily pehchane

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow