عنوان: دولت کا نشہ

تحریر:آمینہ یونس سکردو بلتستان

دولت کمانا کوئی بری بات نہیں ہے، نہ یہ کوئی بری عادت ہے۔ زندگی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دولت کا ہونا ضروری ہے، تاکہ انسان کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلائے، خود دار زندگی گزارے، چھوٹی چھوٹی خواہشات کو پورا کر سکے، اور اگر بیماری آجائے تو دوا خرید سکے۔ بچوں کو اعلیٰ تعلیم نہ سہی، لیکن مناسب تعلیم تو دلا سکے۔ معاشی خود مختاری انسان کو باعزت بناتی ہے۔مگر جب دولت کمانے کی خواہش حد سے بڑھ جائے، اور انسان حلال و حرام کی تمیز بھلا کر دولت کے پیچھے دوڑنے لگے، تو یہ دولت نشہ بن جاتی ہے۔ اور نشہ، خواہ کسی بھی چیز کا ہو، انسان سے اس کی سوچنے کی صلاحیت چھین لیتا ہے۔ جب انسان دولت کے نشے میں چُور ہو جائے تو اخلاق، روایات، رسم و رواج سب کچھ بھلا بیٹھتا ہے۔ دولت والے لوگ بعض اوقات خلوص اور رشتوں کو بھی دولت کی ترازو میں تولتے ہیں۔ ان کے نزدیک وہی انسان اچھا ہے جس کے پاس پیسہ ہو۔ وہ عزت کو بھی خریدنے کی چیز سمجھتے ہیں، اور یوں وہ “عزت” کے نشے میں بھی مبتلا ہو جاتے ہیں۔
دولت کا نشہ انسان کی آنکھوں پر پردہ ڈال دیتا ہے جو حقیقت کو بھی چھپا لیتا ہے۔ وہ رشتے جو کبھی بہت قریبی تھے، اب اجنبی لگنے لگتے ہیں۔ وہ دعائیں جو کبھی دل سے مانگی جاتی تھیں، اب وقت کا ضیاع لگتی ہیں۔ دولت کے پیچھے بھاگتے بھاگتے انسان اپنے اصل سے، اپنی فطرت سے، اپنے دل کی نرمی اور انسانیت سے دور ہو جاتا ہے۔ وہ اپنے حلقہ احباب میں صرف دولت پرست لوگوں کو جمع کرتا ہے اور خونی رشتے پیچھے رہ جاتے ہیں۔
راتوں کی نیند گروی رکھ دی جاتی ہے، گھر کی دیواریں اونچی ہو جاتی ہیں لیکن دل چھوٹے پڑنے لگتے ہیں۔ انسان کی بصیرت ختم ہو جاتی ہے، صحیح اور غلط کی تمیز مٹ جاتی ہے۔ حلال و حرام کی حد ختم ہو جاتی ہے۔
پھر انسان خود قاضی بن کر فیصلے اپنے فائدے کے مطابق کرنے لگتا ہے۔ اسے لگتا ہے کہ وہ سب کچھ کر سکتا ہے، کیونکہ اب اس کے پاس دولت ہے۔
لیکن وہ نہیں جانتا کہ دولت کے نشے نے اس کے اندر کا حسن، اخلاص، رحم دلی اور ادب سب کچھ چھین لیا ہے۔ وہ خود اپنے ہی گھر میں اجنبی بن کر رہ جاتا ہے۔ دولت کمانا غلط نہیں ہے، لیکن جب کوئی بھی چیز حد سے بڑھ جائے تو وہ نشہ بن جاتی ہے اور نشہ ہمیشہ بری لت ہوتی ہے۔

About daily pehchane

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow