عنوان: شور میں ڈوبی صدائیں

از قلم: اقرا علوی (لاہور)
دنیا ترقی کی دوڑ میں جس رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے اتنی ہی تیزی سے انسان اندر سے خالی ہوتا جا رہا ہے۔ سائنسی ایجادات، جدید ٹیکنالوجی، جدید ذرائع ابلاغ کی گھن گرج اور مسلسل بدلتی دنیا میں ایک عجیب سا شور پیدا ہو گیا ہے۔ یہ شور صرف مشینوں، گاڑیوں یا سڑکوں کا نہیں ہے بل کہ یہ خیالات کا، معلومات کا، رائے کا، آوازوں کا اور ان تمام چیزوں کا شور ہے جو انسان کے ذہن کو تھکا رہی ہیں مگر یہ تھکن محسوس نہیں ہوتی، بس اندر ہی اندر ایک خاموش چیخ بنتی جاتی ہے۔
ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں ہر کوئی بول رہا ہے، ہر کوئی سنانا چاہتا ہے مگر کوئی سننے کو تیار نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر چیخ و پکار، خبروں میں شور، گھروں میں اسکرینز کی آواز، سڑکوں پر ٹریفک کا ہنگامہ برپا رہتا ہے اور تو اور ہر جگہ ایک نہ ختم ہونے والا ہنگامہ ہے۔ اس شور میں انسان کی اصل آواز، اس کی اصل سوچ، اس کی خاموشی دب چکی ہے۔ ہمیں یہ احساس بھی نہیں ہو رہا کہ ہم سنتے کم اور شور زیادہ مچا رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ہر شخص اپنی موجودگی کا ثبوت چیخ کر دینا چاہتا ہے۔ خیالات کی گونج اتنی بڑھ چکی ہے کہ ہم دوسروں کے خیالات کو سننے، سمجھنے اور قبول کرنے کی صلاحیت کھو بیٹھے ہیں۔ ہمیں سکوت سے ڈر لگنے لگا ہے۔ ہم تنہائی میں اپنے ساتھ بیٹھنے کے عادی نہیں رہے۔ اس شور کی لت ہمیں اس قدر لگ چکی ہے کہ خاموشی اب بےچینی بن گئی ہے۔
تعلیم، میڈیا، معاشرتی رویے سب اس شور کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ بچے جو پہلے کہانیوں سے سیکھتے تھے، اب شور زدہ ویڈیوز میں الجھ کر الفاظ کھو بیٹھے ہیں۔ بڑوں کی بات چیت اب صرف چیخوں یا الزامات تک محدود ہو چکی ہے۔ سماعت کا فن ختم ہوتا جا رہا ہے اور مکالمہ محض مناظرے میں بدل گیا ہے۔
موجودہ دور کا انسان اگر سکون چاہتا ہے تو اُسے شور میں چھپی خاموشیوں کو تلاش کرنا ہو گا۔ اُسے وقت نکال کر خود سے گفتگو کرنی ہو گی، قدرت کی آوازوں کو سننا ہو گا، دل کی بات سننی ہو گی؛ ورنہ وہ دن دور نہیں جب انسان اپنی ہی آواز کو ترسے گا۔ اب وقت ہے کہ ہم تھوڑی دیر کے لیے رکیں، خود کو سنیں، دوسروں کو سمجھیں اور شور میں ڈوبی ان صداؤں کو تلاش کریں جو کبھی دل کی گہرائیوں سے نکلی تھیں مگر اب گم ہو چکی ہیں۔

About daily pehchane

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow