رب کا کن کہنا

ادینہ سہیل
کبھی کبھی انسان اس قدر مایوسی کا شکار ہو جاتا ہے کہ اس کا دل ہر چیز سے بھر جاتا ہے، وہ فیصلے نہیں کر پاتا، حالات ناموافق لگ رہے ہوتے ہیں، اکثر اپنے بھی ساتھ چھوڑ دیتے ہیں، اپنوں سے لگائی گئی امیدیں اسے مزید اذیت دے رہی ہوتی ہیں، دن میں بے چینی اور رات میں بے قراری سی چھا جاتی ہے، ہر چیز ویران ہو جاتی ہے پھر انسان سوچتا ہے کہ کیا یہ میرے وہی اپنے ہیں جنہوں نے اچھے وقت میں ساری زندگی ساتھ نبھانے کا وعدہ کیا تھا؟ وہ لوگ جو مجھ پر جان قربان کرتے تھے اب میری جان لینے پر آگئے ہیں۔ جن کو میں مسکراتا دیکھنا چاہتا تھا اب وہ مجھے روتا دیکھ کر مسکرا رہے ہیں۔ کیا زندگی اتنی تلخ ہے؟ یا پھر میں نے زندگی کو سمجھنے میں غلطی کر دی۔
کیا لوگ اتنے سخت ہیں؟ یا پھر میں ان کے ساتھ زیادہ نرم ہو گیا۔ وہ اپنے اندر باتیں رکھ کر اتنا تھک چکا ہوتا ہے کہ بالآخر وہ فیصلہ کرتا ہے اپنے رب کو سب بتانے کا، ہر اس اذیت کے بارے میں جو اس کی روح کو بے چین رکھتی ہے، ہر وہ غم جو اسے تکلیف دے رہے ہوتے ہیں، اور اپنوں کے گھونپے گئے وہ خنجر جو اسے اذیت پہنچا رہے ہوتے ہیں۔ اور ان سب باتوں کے لیے وہ تہجد کا انتخاب کرتا ہے۔ بے شک تہجد سے زیادہ موثر اور حسین وقت کوئی نہیں۔ تہجد وہ وقت ہے جب صرف آپ اور آپ کا رب ہوتا ہے۔۔ تہجد میں بہائے گئے آنسو معجزات میں تبدیل ہو جاتے ہیں اور جو نصیب میں نہ ہو، تہجد کی دعائیں اسے مقدر بنانے پر غالب ہیں۔ انسان جب ہر طرف سے ٹھکرا دیا جاتا ہے تو وہ ٹوٹ کر بکھر جاتا ہے تو پھر اس کا رب اس کو ایسے تھام لیتا ہے کہ پھر دنیا کی کوئی طاقت اس کو نہیں توڑ سکتی۔ تہجد اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ نماز ہے، جو اس میں روتا ہے پھر اسے اپنے کیے گئے فیصلوں پر رونے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ جو کہانی تہجد تک پہنچ جاتی ہے وہ کبھی ادھوری نہیں رہتی اور تم خود سوچو کہ دعائیں سننے کے لیے تمہارا رب خود پہلے آسمان پر تشریف لاتا ہے تو وہ انہیں کیسے رد کر سکتا ہے۔ رب کے آگے رونا زیادہ بہتر ہے بہ نسبت لوگوں کے آگے رونے سے اور جو رب کے آگے روتا ہے، ایسے لوگوں کے آگے رونے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔ پھر وہ اپنی ہر اس خواہش پر اپنے رب کا ”کن“ پا لیتے ہو کہ جن کے لیے وہ کبھی لوگوں کی منتیں کرتا تھا۔ بے شک تمہارے رب کا ایک ”کن“ تمہاری زندگی بدلنے پر قادر ہے۔

About daily pehchane

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow