تحریر: انجینیئر علی رضوان چوہدری
اچھا انسان اپنے ظرف سے پہچانا جاتا ہے۔اس کو جتنا بھی بڑا عہدہ یا ترقی کیوں نہ مل جائے لیکن دوسروں کے ساتھ اس کا رویہ انتہائی نرم ہوتا ہے اور وہ خوش اخلاق ہوتا ہے۔ بڑا انسان وہ ہے جس کی محفل میں کوئی بھی اپنے آپ کو چھوٹا نہ سمجھے۔ اچھا اور قیمتی لباس انسان کی پہچان نہیں بلکہ اس کا اچھا اخلاق ہی اس کی پہچان اور ایمان ہے۔
زندگی میں مشاہدات و تجربات اہم باتوں اور یادوں کا پتا دیتے ہیں کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کیے گئے اعمال وقت کے دھارے میں بہتے چلے جاتے ہیں۔ اگر چراغ گل ہوتے ہیں تو یادوں کے چراغ روشن ہو جاتے ہیں۔ یاد کرنے کے لیے الفاظ اور جملے باقی رہ جاتے ہیں یا پھر وہی یادوں کے چراغ۔ جو اچھے اعمال کرتا ہے فلاح پاتا ہے اگر ایک برائی کرے گا تو برائی کرتا چلا جائے گا۔ انسان کے نیک اعمال سیلاب کا رخ موڑ دیتے ہیں آندھی اور طوفان بھی کچھ نہیں کر پاتے۔
اچھا انسان ریاضی کے صفر کی طرح ہوتا ہے جس کی اپنی کوئی قیمت نہیں ہوتی پر وہ جس کے ساتھ جڑ جائے اس کی قیمت دس گنا بڑھ جاتی ہے۔اپنے کردار کو جتنا اچھا رکھ سکتے ہو کیوں کہ موت انسان کو مار سکتی ہے مگر اچھے کردار والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، لوگوں کے دلوں میں اور اچھے الفاظ میں بھی۔ بہترین انسان اپنے عمل سے پہچانا جاتا ہے ورنہ اچھی باتیں تو دیواروں پر بھی لکھی و کندہ ہوتی ہیں۔ اچھے اور شریف انسان کی پہچان یہ ہے کہ جب کوئی اس کے ساتھ سختی کرے تو وہ سختی سے پیش آتا ہے۔ جب اس سے کوئی نرمی کرے تو نرم ہو جاتا ہے۔ برے انسان سے جب کوئی نرمی کرے تو سختی سے پیش آتا ہے اور سختی کرے تو دھیما ہو جاتا ہے۔ اچھا انسان کسی کا دیا ہوا دکھ بھلا دیتا ہے مگر دی ہوئی محبت و شفقت کبھی نہیں بھلاتا۔ آپ اچھے انسان ہو لیکن کبھی دوسروں کو اس کا یقین دلانے کی کوشش نہ کریں۔ اچھا آدمی بات کرے تو اس کی بات میں وزن ہوتا ہے اگر وہ گفتگو کر رہا ہے تو اس کی بات کی اہمیت ہوگی دلائل سے بات کرے تو اہمیت بڑھ جائے گی۔ وہ اپنی بات کرنے میں جس قدر دلائل دے گا اسی قدر اس کی بات کی اہمیت ہوگی۔ شیشے پر ریت مٹی لگ جانے سے کپڑا لگا کر صاف کریں تو وہ شفاف ہو جاتا ہے، لیکن کپڑے کو صاف کرنے کے لیے صابن اور پانی کا استعمال لازمی ہے۔ کپڑا اگر صابن اور پانی سے نہ دھوئیں تو صاف نہیں ہوتا ۔اس لیے اچھا انسان بننے کی کوشش کریں کوشش کریں کہ آپ کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے انسان محفوظ رہیں۔
Latest Posts
