وادیِ سون سکیسر: چنکارا ہرن، ہماری پہچان اور ہمارا امتحان

تحریر گل سلطان اعوان
وادیِ سون سکیسر قدرت کا وہ نایاب تحفہ ہے جس کی شناخت اس کے پہاڑوں، جھیلوں اور میدانوں میں بسنے والی جنگلی حیات سے جڑی ہوئی ہے۔ ان سب میں چنکارا ہرن اس خطے کی سب سے نمایاں پہچان ہے۔ یہ ہرن محض ایک جانور نہیں بلکہ سون سکیسر کی روح، اس کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کی علامت ہے۔ چنکارا ہرن کے بغیر یہ وادی اپنی اصل شناخت کھو بیٹھے گی۔ ایسے میں تیتر، چنکارا ہرن اور دیگر جنگلی حیات کے شکار کے پرمٹس کا اجراء نہایت افسوس ناک اور تشویش ناک عمل ہے۔ یہ اجازت نامے برسوں سے قائم جنگلی حیات کے تحفظ کے نظام کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی عوام کی اجتماعی رائے کی بھی نفی ہیں۔ آج جب دنیا نایاب انواع کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، ہم اپنی پہچان کو خود اپنے ہاتھوں سے خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
یہ حقیقت ریکارڈ پر ہے کہ مقامی شہریوں نے اس فیصلے کے خلاف ڈی جی وائلڈ لائف کو تحریری احتجاجی خطوط اور درخواستیں ارسال کیں۔ مزید یہ کہ کھبیکی جھیل پر منعقدہ اجلاس میں بھی عوام نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں مطالبہ کیا کہ وادیِ سون سکیسر میں تیتر، چنکارا ہرن اور دیگر جنگلی حیات کے شکار کے تمام اجازت نامے فوری طور پر منسوخ کیے جائیں۔ عوامی آواز کو مسلسل نظرانداز کرنا نہ صرف تشویش ناک ہے بلکہ اعتماد کے بحران کو بھی جنم دے رہا ہے۔
تاہم اس مایوس کن صورتحال میں ایک امید افزا پہلو بھی موجود ہے۔ مقامی زمینداروں اور شاملات کے مالکان کی جانب سے شکاریوں کو اپنی حدود میں داخل ہونے سے روکنا ایک قابلِ تحسین اور ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ یہ عمل اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ زمین سے جڑے لوگ ہی اس کے اصل محافظ ہوتے ہیں۔
یہ سمجھنا ناگزیر ہے کہ چنکارا ہرن کا تحفظ محض ایک جانور کو بچانے کا نام نہیں بلکہ وادیِ سون سکیسر کی شناخت، اس کے قدرتی توازن اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ اگر آج ہم نے بروقت فیصلہ نہ کیا تو کل ہمیں صرف حسرت اور سوالات ہی ورثے میں ملیں گے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ متعلقہ ادارے عوامی احتجاج کو سنجیدگی سے لیں، شکار کے پرمٹس کے نظام پر فوری نظرِ ثانی کریں اور وادیِ سون سکیسر کو حقیقی معنوں میں محفوظ علاقہ قرار دیں، کیونکہ چنکارا ہرن زندہ ہے تو سون سکیسر زندہ ہے۔

About daily pehchane

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Powered by Dragonballsuper Youtube Download animeshow