قلم کار: ریاض احمد شفقت
اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات
ہے جو انسان کی انفرادی، اجتماعی، اخلاقی اور سماجی زندگی کے تمام پہلوؤں کی رہنمائی کرتا ہے جب کہ تعلیمی ادارے خصوصاً جامعات کسی بھی قوم کی فکری اور اخلاقی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، کیونکہ یہی ادارے مستقبل کے رہنما، اساتذہ اور ذمہ دار شہری تیار کرتے ہیں، تاہم موجودہ دور میں جامعات میں اسلامی ماحول کے فقدان کے باعث نوجوان نسل اپنی دینی اور اخلاقی شناخت سے بتدریج دور ہوتی جا رہی ہے، اسلامی ماحول سے مراد وہ تعلیمی اور سماجی فضا ہے جہاں اسلامی تعلیمات، اخلاقیات اور اقدار کو عملی طور پر اختیار کیا جائے جس میں عبادات کی آزادی، اسلامی لباس، حیا، باہمی احترام، دینداری اور اخلاقِ حسنہ کا فروغ شامل ہو، ایسا ماحول طلبہ کی کردار سازی میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ کردار سازی کے بغیر انسان اچھے اور برے میں صحیح امتیاز قائم نہیں کر سکتا، اسلامی ماحول کے بغیر سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت کمزور ہو جاتی ہے اور انسان فکری انتشار کا شکار ہو جاتا ہے، جامعات دراصل تربیت گاہیں ہیں جہاں سے قوم کا مستقبل تشکیل پاتا ہے اگر یہاں اسلامی ماحول موجود ہو تو طلبہ نہ صرف تعلیمی لحاظ سے مضبوط بنتے ہیں بلکہ اخلاقی اور روحانی طور پر بھی متوازن شخصیت کے حامل ہوتے ہیں مگر بدقسمتی سے مغربی تہذیبی اثرات کے باعث لباس، گفتگو اور طرزِ زندگی میں غیر اسلامی رجحانات فروغ پا رہے ہیں جس کے نتیجے میں حیا، اخلاق اور دینی شعور کمزور ہو رہا ہے۔ مغربی ثقافت وقتی سکون اور لذت تو فراہم کرتی ہے لیکن طویل مدت میں انسان کو اخلاقی زوال، بے سکونی اور روحانی خلا کی طرف لے جاتی ہے، آج جامعات میں مغربی ثقافت کے غلبے کی وجہ سے دینی تربیت کا فقدان اور بے حیائی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اس صورتِ حال میں جامعات کی انتظامیہ اور اساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ طلبہ کو محض امتحانات کے لیے نہیں بلکہ زندگی کے بڑے امتحان کے لیے بھی تیار کریں، انہیں اسلامی اقدار، اخلاقی شعور اور عملی کردار کا حامل بنائیں تاکہ وہ سیاسی، معاشرتی اور معاشی ہر میدان میں اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں، اس مقصد کے حصول کے لیے نصاب میں اسلامی اقدار کی شمولیت، اخلاقی تربیتی پروگرامز کا انعقاد اور کیمپس میں احترام، حیا اور نظم و ضبط کے فروغ جیسے اقدامات ناگزیر ہیں، کیونکہ صرف اسی صورت میں جامعات حقیقی معنوں میں علم، کردار اور قیادت کے مراکز بن سکتی ہیں۔
Latest Posts
